وزیرآباد(کرائم سیل)تھانہ علی پور چٹھہ کے گاوں برج تاشہ میں عید کے روز خون کی ہولی ، فائرنگ کے نتیجہ میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے 3 افراد قتل ہو گئے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیرآباد کے تھانہ علی پور چٹھہ میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد قتل ہو گئے، قتل ہونے والوں میں دو سگے بھائی اور ایک ان کا بیٹا شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ نواحی گاوں برج تاشہ میں پیش آیا، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا۔حکام نے بتایا کہ قتل ہونے والوں میں باپ، بیٹا اور چچا شامل ہیں،جن کی شناخت منورحسین چٹھہ،افتخار حسین چٹھہ اور سعد افتخار چٹھہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ تینوں مقتولین کو ملزم نعمان حیدر چٹھہ نے نماز عید کے بعد ڈیرے پر بلا کر بے دردی سے قتل کیا تاہم وجہ عناد تاحال سامنے نہیں آ سکی۔پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے اور نامزد ملزم کی تلاش کی جا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول مقتولین کا تعلق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے۔تہرے قتل کی یہ واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتائی جا رہی ہے،عید کے روز تہرے قتل کی خبر ملتے ہی پورے شہر میں خوف اور غم کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ملزم کے بارے بتایا جا رہا ہے کہ اس نے سات سال قبل اپنے والد کو بھی قتل کیا تھا۔