لاہور(وقائع نگار خصوصی)حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھرمیں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے،سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی اللہ کی راہ میں قربانی کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ موسم کہیں ابر آلود ہے اور کہیں بادلوں کی رم جھم جاری ہے،گلی محلوں میں ہونے والی قربانی کے مناظر دیکھنے کے لئے بچوں کی بھیڑ بڑھ جاتی ہے جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے انتظامات کئے گئے ہیں تاہم جگہ جگہ آلائشوں کے ڈھیر بھی دکھائی دے رہے ہیں ،شہریوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلبرگ جیسے پوش ایریا میں صفائی اور سیوریج کے ناقص انتظامات نے عید کی خوشیاں مانند کر دی ہیں ۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق آج دن کا آغاز مساجد اور کھلے پارکوں میں امت مسلمہ کی بہتری، ملکی ترقی، خوشحالی اورسلامتی کیلئے خصوصی دعاﺅں سے ہوا،نمازعید کے اجتماعات تمام شہروں، قصبوں اور دیہات میں ، مساجد، عید گاہوں اورکھلے مقامات منعقد ہوئے۔علمائے کرام اپنے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔لاہور میں بادشاہی مسجد میں نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید پڑھائی۔علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے مینار پاکستان گراونڈ،علامہ زبیر احمد ظہیر نے چوک فردوس مارکیٹ کے کھلے میدان میں نماز عید ادا کی جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے دیگر پولیس افسران وجوانوں کے ہمراہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عید الضحی اداکی،نماز کی ادائیگی کے بعد ملکی سلامتی وخوشحالی اورشہداءکے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔اس کے علاوہ لاہور میں نماز عید کے تقریبا 6ہزار اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی ،اس موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کا فول پروف انتظام کیا گیا تھا ۔ کوئٹہ کی مرکزی عید گاہ میں نماز عید کا اجتماع ہوا۔ پشاور، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں۔سابق صدرآصف علی زرداری نے نمازعید نواب شاہ میں جبکہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں ادا کردی۔ جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عید کی نماز اپنے آبائی گاو¿ں عبدالخیل میں ادا کی۔ نماز مولانا فضل الرحمان نے خود پڑھائی۔ دوسری جانب ضلعی حکومتوں کی جانب سے عید کے دنوں میں آلائشیں اور دوسرا کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔دوسری طرف ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں رات تک قربانی کے جانوروں کی خریداری کا سلسلہ جا ری رہا،شہری بیوپاریوں کیساتھ جانوروں کا بھاﺅ کرتے رہے۔اس کے علاوہ رات گئے تک خواتین اوربچے عید کی شاپنگ میں مصروف رہے،کپڑوں اور جوتوں کی خریداری کیلئے بازاروں میں رش لگا رہا،خواتین عیدالاضحیٰ کے خصوصی مہندی ڈیزائن ہاتھوں پر بنواتی رہیں۔
