کراچی(کامرس رپورٹر)ڈالر کی بلیک مارکیٹنگ ختم ہونے سے امریکی کرنسی کی قیمت معمول پر آ گئی،انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں گیپ ختم ہوگیا،انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 286.50 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 289 روپے ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں:مانیٹری پالیسی کا اعلان ہو گیا،شرح سود میں مزید اضافہ
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ ملک بوستان خان نے کہا ہے کہ سرکاری اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں غیرمعمولی گیپ ختم ہوگیا، انٹر بینک میں ڈالر 286.50 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 289 روپے پر آگیا، ڈالر کی ”بلیک مارکیٹ“ دم توڑ رہی ہے، قیمت میں بڑا فرق ختم ہونے سے ہنڈی حوالہ پر بھی ضرب لگی، پشاور میں گرے مارکیٹ میں ڈالر 291 اور دبئی میں 294 پر آگیا۔ملک بوستان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کی صورت میں ڈالر بتدریج گر کر 270 روپے پر آسکتا ہے، ایک ماہ پہلے بلیک مارکیٹ میں ڈالر 320 روپے پر جا پہنچا تھا، ایک ماہ قبل اوپن اور انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت کا فرق 25 روپے تک پہنچ گیا تھا، امریکی کرنسی قانونی راستوں سے آنے سے ڈالر کی سپلائی میں اضافہ اور قیمت کم ہو گی۔