لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر مملکت شہر یار آفریدی کی دوران حراست صحت کی تشویش ناک صورتحال پر جذباتی پیغام جاری کردیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی،جنہیں محض اس لئے خوفناک حالات میں رکھا گیا ہے کہ انہیں تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے پر آمادہ و مجبور کیا جا سکے،آج انسدادِ دہشت گردی عدالت میں(ابتر جسمانی و ذہنی حالات کے باعث) گر گئے۔انہوں نے کہا کہ کچھ روز قبل تحریک انصاف کے وہ کارکنان جنہیں پولیس کی گاڑی میں بھر کر لایا گیا تھا،اس شدید گرمی میں(دم گھٹنے سے) بےہوش ہوگئے تھے،ان لوگوں،جو تحریک انصاف پر ستم ڈھانے اور اسے کچلنے کیلئے(قانون و انسانیت کی)ہر حد پامال کر رہے ہیں،کو میرا پیغام ہے کہ آپ کچھ بھی کرلیں،ہم(آپ کی)اس یزیدیت اور اپنی حقیقی آزادی کیلئے آخری دَم تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشہریار آفریدی کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج حامد حسین نے شہریار آفریدی کے خلاف کیس کی سماعت کی، دوران سماعت جج نے پی ٹی آئی رہنما کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔عدالت نے شہریار آفریدی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا اور 10 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ شہریار آفریدی کی درخواست ضمانت پر سماعت 3 جولائی کو ہوگی۔خیال رہے کہ شہریار آفریدی کے خلاف تھانہ آر اے بازار میں دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے۔