لاہور(سٹاف رپورٹر)لاہور میں قیامت خیز گرمی کے بعد تیز ہواوں اور بادلوں نے موسم خوشگوار کردیا ،بجھے چہروں پر رونق لوٹ آئی ،گرمی کے ستائے شہری گھروں سے باہر نکل آئے ۔شہر میں تیز آندھی کے باعث فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور میں تیز اور گرد آلودہ ہواوں کا سلسلہ شروع ہوتے ہی کالے بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے، موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔لاہور شہر سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بونداباندی کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو ئی ہے۔لاہور شہر کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا،تیز ہواوں کے ساتھ برسنے والی بوندا باندی نے گرمی کا زور کم کر دیا ہے جس کی وجہ سے گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور شہر کے کئی علاقوں میں گہرے سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں اور کہیں کہیں بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے جو رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا۔ان علاقوں میں فیصل ٹاون، ماڈل ٹاون،گلبرگ،ٹاون شپ،جوہر ٹاون،بھٹہ چوک،آر اے بازار،والٹن روڈ،نشیمن اقبال،گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ، شاد باغ، بادامی باغ، شاہدرہ، کریم پارک، بیگم کوٹ، کوٹ محمد،بلال گنج، شیرانوالہ،بھاٹی گیٹ، شاہ عالم،گرین ٹاون،شادی پورہ،شالامار اور مزنگ سمیت دیگر شامل ہیں۔
