خانیوال(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اگر بیرونی دبا ﺅسے جماعتیں ختم ہوتیں تو آج پیپلز پارٹی کا وجود ہی نہ ہوتا،یاد رہے کہ تحریک انصاف ان دنوں غیراعلانیہ پابندیوں اور کریک ڈاﺅن کا شکار ہے۔
پاکستان ٹائم کے مطابق قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے، پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے تاہم پنجاب میں ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی باتیں قبل از وقت ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلاف، رائے میں اختلاف کی حد تک ہے، تنقید کا مقصد اصلاح کرنا ہے، تضحیک کرنا نہیں، بجٹ میں ہم نے جو اختلاف رائے کیا اور ان تجاویز سے حکومت نے اتفاق بھی کیا۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کا شفاف ٹرائل ہونا چاہیے اور انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، سیاسی جماعتیں باہر سے ختم نہیں کی جاسکتیں، تمام تر دبا ﺅکے باوجود پیپلز پارٹی آج بھی اس ملک کی مقبول جماعت ہے۔