کراچی(وقائع نگار)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا،انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو بھیج دیا،وہ مسلم لگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری تھے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اب میں انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں رہوں گا،نہ صرف پارٹی بلکہ حکومت میں بھی ذمہ داریاں سونپنے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں،پارٹی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے میرے ساتھ انتہائی مہربان رویہ اور خیال رکھا،میں ان کی حمایت اور اعتماد کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا،سماجی طور پر منصفانہ اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان دیکھنےکی خواہش کا اظہار کرتا ہوں،میری آپ کے لیے،پارٹی کے لیے اور تمام لیڈروں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہوریئے لوڈ شیڈنگ سے بے حال ،لیسکو اعلیٰ افسران کے بیرون ملک سیر سپاٹے
یاد رہے کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل مسلسل پارٹی پالیسی پر تنقید کر رہے تھے، کچھ روز قبل چیف آرگنائزر مریم نوازنے مفتاح اسماعیل کی کارکردگی کو مایوس کن قراردیتے ہوئے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔صوبائی صدر شاہ محمد شاہ سے بھی پارٹی عہدہ واپس لے لیا گیا۔مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے الگ کر کے آئندہ کوئی اہم ذمہ داری نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ،دونوں صوبائی عہدیداروں نے سندھ بلدیاتی انتخابات میں بھی اہم کارکنان کے پارٹی کو خیر باد کہنے پر انہیں نہیں روکا نا ہی قیادت کو کچھ آگاہ کیا۔مسلم لیگ ن کا سندھ کےلئے اہم شخصیت کو عہدہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب ن لیگ کے لوگوں نے دوسری جماعتوں میں شمولیت اختیار کی تو شاہ محمد شاہ اور مفتاح اسماعیل کیا کر رہے تھے؟۔