کراچی(کامرس رپورٹر)عید الاضحیٰ کی آمدسے قبل ہی اس سال کراچی میں ایسی انوکھی مویشی منڈی سج گئی ہے جہاں قربانی کے جانوروں کی خریدار اور بیوپاری خواتین ہی ہیں۔
پاکستان ٹائم کے مطابق شہروں میںیہ رجحان بڑھ رہاہے کہ فیملیز قربانی کے جانور خریدنے مویشی منڈی جاتی ہیں اور اس نئی روایت کو دیکھتے ہوئے شہر قائد میں خواتین کے لیے ایسی مویشی منڈی قائم کردی گئی ہے جہاں بیوپاری خواتین ہوں گی اور فیملیز کے علاوہ اکیلی خواتین بھی وہاں با آسانی جاکر جانوروں کی خریداری کر سکتی ہیں۔ یہ منڈی شادمان میں لگائی گئی ہے۔ منڈی کی انتظامیہ بھی خواتین پر مشتمل ہے جن کا کہنا ہے کہ یہ منڈی فیملیز بالخصوص خواتین خریداروں کی سہولت کے لیے لگائی گئی ہے تاکہ وہ بغیر کسی تردد کے یہاں خریداری کے لیے آسکیں۔
آرگنائزر رقیہ فرید کاکہناتھاکہ یہ منڈی بالخصوص ان خواتین کے لیے ہے جن کے گھروں میں کوئی مرد نہیں یا ان کے مرد بیرون ملک مقیم ہیں اور وہ عام منڈی جانےسے کتراتی ہے، اب وہ یہاں فیملی کے ساتھ آکر سکون کے ساتھ اپنی پسند اور بجٹ کے مطابق جانور خرید سکتی ہیں۔