لاہور (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی جیل میں طبیعت ناساز ہوگئی، دل میں تکلیفکے باعث انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق چوہدری پرویزالہیٰ کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کئے گئے۔بعد ازاں پولیس نے انہیں پی آئی سی سے واپس کیمپ جیل پہنچا دیا۔واضح رہے کہ چودھری پرویز الہیٰ نے علاج اور جیل میں سہولیات کے لیے عدالت میں 2 درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ اینٹی کرپشن کورٹ کے جج علی رضا اعوان نے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔سماعت میں پرویز الہی کی وکیل رانا انتظار نے دلائل دیئے تھے کہ پرویز الہی بیمار ہیں ان کو علاج کی سہولت نہیں مل رہی۔ وہ سابق وزیر اعلیٰ ہیں ان کو جیل میں علاج کی سہولت نہیں دی گئی۔وکیل نے استدعا کی کہ پرویز الہی کو علاج کی بہتر سہولیات دی جائیں اور پرویز الہی کو سابق وزیر اعلی ہونے کے باعث جیل میں بی کلاس کی سہولیات دی جائیں۔