ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے بھارت کوخبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روس کیخلاف ایف اے ٹی ایف کے اقدام کی مخالفت نہ کی تو وہ تیل اور ہتھیار کی ڈیل منسوخ کر دے گا،یادرہے کہ روس کو یوکرین کے خلاف جنگ چھیڑنے کے بعد کئی بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا ہے اورایف اے ٹی ایف نے رواں سال فروری میں روس کی رکنیت منسوخ کر دی تھی اور اب وہ روس کو بلیک لسٹ یا گرے لسٹ میں شامل کرنے پر اصرار کر رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق خود کو اقتصادی تنہائی سے بچانے کے لیے روس اب بھارت کا سہارا لے رہا ہے اور اس پر دباو ڈال رہا ہے کہ وہ اس کی ایف اے ٹی ایف میں حمایت کرے اور ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے روس کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہونے سے نہ بچایا تو وہ اس کے ساتھ دفاعی اور توانائی شعبوں میں ہونے والے معاہدوں کو منسوخ کر دے گا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق روسی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا تھا کہ یہ ایک بہت سنگین اور حساس مسئلہ ہے،یہ روس کی جانب سے غیر متوقع اور منفی نتائج کے بارے میں ایک طرح کی وارننگ ہے۔
