ملک میں انٹرنیٹ کی بندش کب ختم ہو گی؟پی ٹی اے نے بیان جاری کر دیا

لاہور (نیوز رپورٹر ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )نے ملک میں انٹرنیٹ کی بندش پر بیان جاری کر دیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں مسلسل دوسرے روز انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ویب سائٹس جزوی طور پر بند ہیں جب کہ صارفین متبادل ذرائع استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی ممکن بنا رہے ہیں۔سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد احتجاج اور مظاہروں کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں سوشل میڈیا سروسز تک صارفین کی رسائی کو محدود کر دیا گیا تھا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس بدستور معطل ہے جب کہ لاہور، کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں انٹرنیٹ سروس کی رفتار انتہائی سست ہے۔کئی علاقوں میں میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری طرف پاکستان میں انٹرنیٹ کو ریگولیٹ کرنے والے ادارے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی سروسز وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات پر غیر معینہ مدت کے لئے معطل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ جن علاقوں میں انٹرنیٹ یا سوشل میڈیا کی سروسز بحال بھی ہیں وہ انتہائی سست کام کر رہی ہیں جس سے شہریوں کو ان کے استعمال میں دقت پیش آرہی ہے۔حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کی بندش پر تحریک انصاف کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے (نیب) نے عمران خان کو القادر ٹرسٹ میں مبینہ کرپشن کے الزامات پر منگل کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا۔ کئی مقامات پر مظاہرین فوجی چھاونیوں اور دیگر تنصیبات میں بھی داخل ہوئے جب کہ لاہور میں مظاہرین نے کور کمانڈر ہاوس میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ بھی کی۔اسی طرح اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، کراچی، پشاور، حیدر آباد، ملتان، فیصل آباد، مردان سمیت دیگر شہروں سے بھی مظاہروں،توڑ پھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔اس کے بعد کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کو بند کر دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں