لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راونڈر اور سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ اہلیہ ثانیہ مرزا مصروف ہیں جس کی وجہ سے ہم ایک ساتھ نہیں، ہم دونوں کے درمیان علیحدگی اور اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں،دنیا کی تمام بیویوں اور شوہروں کے تعلقات کے درمیان اتار چڑھاوآتا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق6 ماہ کے دوران اختلافات اور طلاق کی خبروں پر کوئی وضاحت نہ آنے کے بعد نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شعیب ملک نے عیدالفطر کے موقع پر واضح کیا کہ میری اور اہلیہ کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں،عید پر اہلیہ اور بچہ دور ہوں،کاش اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ عید منا سکتا،شادی سے قبل وہ جب کرکٹ کے سلسلے میں بیرون ملک ہوتے تھے تو والدہ اور بہن بھائیوں کو عید پر یاد کرتے تھے اور اب شادی پر اہلیہ اور بیٹے کو بھی یاد کرتا ہوں۔شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کا تعلق دوسرے ملک سے ہے اور وہاں بھی مصروفیات ہوتی ہیں،اس لیے ہر سال ممکن نہیں ہو پاتا کہ تمام دن ایک ساتھ گزاریں۔
پروگرام کے دوران ثانیہ مرزا سے اختلافات اور علیحدگی کے سوال پر انہوں نے مبہم انداز میں بتایا کہ ایسی کوئی بات نہیں، وہ اپنی اپنی مصروفیات کی وجہ سے ایک ساتھ نہیں،دنیا کی تمام بیویوں اور شوہروں کے تعلقات کے درمیان اتار چڑھاو آتا ہے اور ان سمیت تمام مشہور جوڑوں کے تعلقات میں بھی ایسا ہوتا ہے،ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام پر اَن فالو نہیں کیا اور یہ خبر انہیں آج مل رہی ہے کہ اہلیہ نے انہیں اَن فالو کردیا،اب بھی بیٹے کیساتھ دن میں دو بار ویڈیو کال پر بات کرتا ہوں جبکہ بیٹے کو بیڈمنٹن کھیلنے کا زیادہ شوق ہے۔
واضح رہے کہ شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے درمیان 6 ماہ سے کشیدہ تعلقات اور طلاق کی افواہیں زیر گردش ہیں اور کافی عرصے سے دونوں نے سوشل میڈیا پر کوئی تصویر یا تازہ ویڈیو بھی شیئر نہیں کی۔حالیہ عرصے کے دوران دونوں کو اردو فلکس پر ٹاک شو کرتے دیکھا گیا اور نومبر میں شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کو سالگرہ کی مبارکباد دی تھی، اسی دوران اختلافات ختم ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔