جدہ (نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات کی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف جو اس وقت عمرے کی غرض سے سعودی عرب میں مقیم ہیں کی جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان سے ملاقات ہوئی ہے ، اس ملاقات میں ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز بھی موجود تھیں۔نواز شریف اور محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں دیگر اہم عالمی اور علاقائی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔دوسری طرف نواز شریف کی محمد بن سلیمان سے ملاقات کی خبروں پر نہ تو سعودی ولی عہد کے آفس سے کوئی خبر جاری کی گئی ہے اور نہ ہی عرب میڈیا پر اس ملاقات کا کوئی ذکر موجود ہے تاہم وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات پر جاری بیان میں کہا کہ اس ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں، اس دوران پاک سعودی برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ پربات چیت ہوئی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان کو درپیش مسائل کے حل پر بھی بات چیت ہوئی اور نوازشریف نے سعودی قیادت کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ نواز شریف اورخاندان کے دیگر افراد عمرہ ادا کرنے کے بعد سعودی عرب میں موجود ہیں۔نواز شریف نے رمضان کی 27 ویں شب مسجد نبوی ﷺمیں گزاری جبکہ نماز عید مدینہ منورہ میں ادا کی ۔
