ملک ابرار کھوکھرپیپلز پارٹی میں شامل،پی پی 238 سے پارٹی نے ٹکٹ جاری کر دیا

بہاولنگر(وقائع نگار خصوصی)ممتازسیاسی و سماجی رہنماحافظ ابرار الرحمن کھوکھر اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ،پی پی 238 بہاولنگر سے پارٹی نے ٹکٹ جاری کرتے ہوئے امیدوار نامزد کر دیا ،کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،پی پی 238 بہاولنگر میں پیپلز پارٹی کی کامیابی یقینی ہو گئی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق بہاولنگر کی ممتاز سیاسی وسماجی اور کاروباری شخصیت حافظ ملک ابرار الرحمن کھوکھر نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔حافظ ملک ابرار الرحمن کھوکھر بہاولنگر میں سیاسی و سماجی حلقوں میں کسی تعارف کے محتاج نہیں،شاندار تعلیمی پس منظر اور بزنس کمیونٹی میں منفرد پہچان بنانے والے حافظ ملک ابرار الرحمن کھوکھر کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اور پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں پی پی 238 بہاولنگر سے پارٹی کا امیدوار نامزد کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹ جاری کرنے سے بہاولنگر کے صوبائی حلقے میں پی پی پی کی پوزشین انتہائی مضبوط ہو گئی ہے اور اس حلقے سے ان کی کامیابی یقینی بتائی جا رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کا کہنا ہے کہ حافظ ملک ابرار الرحمن کھوکھر کا ماضی اور حال سب کے سامنے ہے،پورا بہاولنگر ان کے شاندار سماجی کاموں سے واقف ہے،وہ سماجی بہبود کے مختلف امور میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں اور حلقے کی عوام کے لیے جانی پہچانی اور انسان دوست،عوام دوست شخصیت ہیں،پیپلز پارٹی کی قیادت نے پی پی 238 سے مختلف امیداروں کے انٹرویوز اور حلقے سے مشاورت کے بعد حافظ ملک ابرار الرحمن کھوکھر کو پارٹی ٹکٹ جاری کرتے ہوئے امیدوار نامزد کیا ہے،امید ہے کہ وہ پارٹی قیادت کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔حافظ ملک ابرار الرحمن کھوکھر نے پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی امیدوار نامزد کرنے پر قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غریب پرور جماعت ہے اور غریبوں کے حقوق کی محافظ ہے،پارٹی قیادت نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے میری کوشش ہو گی کہ حلقہ کی عوام،پارٹی کارکنوں اور پیپلز پارٹی کی قیادت کی امیدوں پر پورا اتروں۔انہوں نے اپنے ساتھیوں اور پارٹی ورکروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے لئے دن رات محنت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں