لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی ٹکٹیں نہ ملنے والے امیدواروں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے افسوس ہے کہ سب امیداروں کے انٹرویو نہیں کرسکا،پارٹی ٹکٹوں سے محروم رہ جانے والے امیدواروں کی اپیلیں جلد سنوں گا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) سے کہا کہ ہمارے ساتھ میچ کھیلو،وہ وکٹیں اکھاڑ کر بھاگ رہے تھے اور ہم انہیں روک رہے تھے،بڑی مشکل سے امیدواروں کو ٹکٹیں دی ہیں،رہ جانے والے امیدواروں کی اپیلیں جلد سنوں گا،جنہیں ٹکٹ نہیں ملا وہ اپیل کرسکتا ہے،مجھے افسوس ہے کہ سب امیداروں کے انٹرویو نہیں کرسکا،ایک تو عدالتوں کے چکر لگانے پڑ رہے تھے،دوسرا پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی تھی،ہم سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پی ڈی ایم کو بھاگنے نہیں دیا۔عمران خان نے کہا کہ لیڈر بننے کے لیے صادق اور امین ہونا ضروری ہے،لیڈر بننے کے لیے بزدل نہیں ہونا چاہیے،ہمارے ملک میں بےشمار لیڈر بزدل ہیں جن کا کپتان نواز شریف ہے۔
