اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے سولر پینلز اور دیگر آلات کی درآمد میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مہنگے ایندھن سے بجلی کی پیداوار کا متحمل نہیں ہو سکتا،سولر پینلز کی مرحلہ وار درآمد یقینی بنائی جائے،کم لاگت شمسی بجلی کی پیداوار سے ایندھن کی مد میں خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی، سولر پینلز اور آلات کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس ہوا، جس میں سولرائیزیشن منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شہباز شریف نے سولرائیزیشن منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مہنگے ایندھن سے بجلی کی پیداوار کا متحمل نہیں ہو سکتا، سولر پینلز اور آلات کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ شمسی توانائی سے بجلی کے صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، وفاقی سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کے منصوبے پر پیشرفت کو مزید تیز کیا جائے، سولر پینلز کی مرحلہ وار درآمد یقینی بنائی جائے، کم لاگت شمسی بجلی کی پیداوار سے ایندھن کی مد میں خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔اجلاس کے شرکا کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سولرائزیشن کےلئے17سرکاری عمارتوں کا ٹینڈر جاری کیا گیا، موصولہ بڈز کی تکنیکی جانچ پڑتال آج مکمل کرلی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مزید 50 عمارتوں کےلئے ٹینڈرز 20 اپریل کو جاری کیے جائیں گے، 600 میگاواٹ کوٹ ادو منصوبے کا ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا، بڑی تعداد میں مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔
