اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگران حکومتوں کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے سپریم کور ٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پنجاب اور پختونخوا میں دونوں نگران حکومتیں اپنی آئینی مدت مکمل کرچکی ہیں، دستور نگران حکومتوں کے مدتِ کار میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا۔ الیکشن کمیشن تمام قوانین اور معقولیت کے تمام معیارات روندتے ہوئے ان نگرانوں کو دونوں صوبوں پر مسلط کئے ہوئے ہے، 90 روز گزر جانے کے بعد ان نگران حکومتوں کو کسی طرح قانونی نہیں کہا جاسکتا۔ 90 روز کی مدت گزر جانے کے بعد ان نگران حکومتوں کی حیثیت ”غاصبوں“ کی سی ہے جنہیں فوراً ہٹایا جانا چاہئے۔اس سلسلہ میں پی ٹی آئی نے سپریم کور ٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔پٹیشن سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی، سابق وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان اور فواد چودھری کی طرف دائر کی جائے گی،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اعلیٰ سطح پر پارٹی قائدین اور قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد پٹیشن دائر کرنے کی منظوری دیدی، سپریم کور ٹ سے نگران حکومتوں کی مدت مکمل ہونے پر پنجاب اور کے پی میں ایڈمنسٹریٹرز مقرر کرنے کی استدعا کی جائے گی۔
