اسلام آ باد (کورٹ رپورٹر )اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈیم فنڈز پر سپریم کورٹ کے اختیار کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے وکیل عدنان اقبال کی درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت استفسار کیا کہ ڈیم فنڈ جب اکھٹا ہو رہا تھا تو تب آپ نے اعتراض کیوں نہیں کیا؟اب تو ڈیم فنڈز جمع ہوئے بھی پانچ سال ہو چکے ہیں۔اگر سٹیٹ بینک کو کوئی اعتراض ہوتا تو اکاونٹ ہی نہ کھلتا۔درخواست گزار نے کہا سپریم کورٹ کا اس طرح فنڈز اکٹھا کرنے کا اختیار نہیں،عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں کہ کس کا کیا اختیار ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا آپ فیصلوں کی کاپی دے دینا ہم آرڈر جاری کریں گے۔درخواست گزار وکیل نے کہا کہ ہم کہتے ہیں ڈیم بنانا ایگزیکٹو کا کام ہے سپریم کورٹ کیسے دیکھ رہی ہے؟جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ بھی ایگزیکٹو باڈی ہے۔یا تو آپ بتائیں کہ سپریم کورٹ والے پیسہ اپنے گھروں پر لگا رہے ہیں۔بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔