لاہور(وقائع نگار)وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا ہے کہ قانون سازی کسی عدالت کا نہیں بلکہ پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔ قانون سازی صرف اور صرف پاکستان کے 22کروڑ عوام کی منتخب پارلیمان کا حق ہے اور یہ حق ہم کسی اور کو نہیں دیں گے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ عدالتی اصلاحات کے بل کا مقصد اجتماعی دانشمندی سے استفادہ کرنا ہے، پارلیمنٹ کسی بھی صورت عوامی فلاح کے لیے قانون سازی کے حق سے دستبردار نہیں ہوگی۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانون سازی صرف اور صرف پاکستان کے 22کروڑ عوام کی منتخب پارلیمان کا حق ہے اور یہ حق ہم کسی اور کو نہیں دیں گے، یہ کسی عدالت کا حق نہیں ہے ،پارلیمان اس کو نہیں مانتی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے جو قانون بنایا اس پر اطمینان اور فخر ہے۔ ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈرز بل قومی اسمبلی نے پاس کیا اور اب اسے منظوری کے لیے سینیٹ بھیجا جائے گا۔پنجاب بار کونسل میں ووکیشنل کورٹ کے شرکا میں وزیر قانون نے سرٹیفیکٹ بھی تقسیم کیے۔
