علامہ طاہر اشرفی مفتی عبدالشکور کی ناگہانی موت پر آبدیدہ ہو گئے،ایسا پیغام جاری کر دیا کہ ہر آنکھ نم ہو جائے

لاہور(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی ٹریفک حادثے میں ہونے والی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی عبد الشکور ایک عظیم انسان تھے،عظیم موت سے اس دنیا سے رخصت ہوئے،وہ ایک ملنگ اور فقیر انسان تھے،اللہ نے انہیں ماہ مقدس اور طاق رات میں شہادت کی موت نصیب کی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے دکھی دل کے ساتھ ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ابھی اطلاع ملی ہے کہ مولانا مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے،مفتی عبدالشکور وزیر مذہبی امور ہوتے ہوئے بھی فقیر اور ملنگ انسان تھے،وہ ایک ایسے ملنگ اور فقیر انسان تھے کہ وزارتوں کا ان کی زندگی پر کوئی اثر نہیں ہوا،انہوں نے اپنے اللہ اور اللہ کے رسولﷺ کے لئے اپنی زندگی کو وقف کیا ہوا تھا،آج وہ اس دنیا سے رخصت ہو گئے،اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ بلاشبہ مفتی عبدالشکور کی دنیا بھی بہت اعلیٰ تھی اور ان کی آخرت بھی انشاءاللہ بہت ہی اعلیٰ ہو گی،رمضان المبارک کی 25ویں شب اور حادثہ ایک شہادت کی موت اللہ نے ان کا نصیب کی ہے،ان کے ساتھ میرا ایک ذاتی اور احترام کا تعلق تھا،مختلف اسفار میں ان کی ساتھ رفاقت نصیب ہوئی،وہ اپنی مثال آپ ہی تھے،میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ ان کی شخصیت اور ان کی خدمات کو کس طرح بیان کروں؟بلاشبہ وہ اس دنیا میں بھی سرخرو ہوئے اور آخرت میں بھی سرخرو ہوں گے۔علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ آخری حج جس محنت اور لگن سے انہوں نے کیا اور اپنے حجاج کا جس طرح انہوں نے خیال رکھا اور آنے والے حج میں بھی وہ تیاریاں کر رہے تھے،وہ کسی سے پوشیدہ نہیں،اللہ تعالیٰ کے فیصلے کے سامنے ہم سب کو سر تسلیم خم کرنا ہوتا ہے،اللہ تعالی مفتی عبد الشکور کے درجات کو بلند کرے،جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت ہم تمام علماء اور ساتھیوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں،دراصل ہمارا ایک ساتھی ہم سے چلا گیا ،ہم سب دکھی ہیں،ہم ایک دوسرے سے تعزیت کر سکتے ہیں کیونکہ یہ ہماراسب کا مشترکہ غم ہے،اللہ نے ان کو رمضان کا ما ہ مقدس اور طاق رات نصیب کی ہے،شہادت کی موت نصیب کی ہے،وہ عظیم انسان تھے،عظیم موت سے اس دنیا سے رخصت ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں