رواں مالی سال میں گاڑیوں کی فروخت میں کتنی کمی ہوئی؟تفصیلات آ گئیں

کراچی(کامرس رپورٹر)رواں مالی سال 9 ماہ کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں 47 فیصد کمی ہوئی ہے۔
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز کے مطابق جولائی 2022 سے مارچ 2023 کے دوران ایک لاکھ 9 ہزار 466 یونٹس فروخت ہوئے۔مزید بتایا کہ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران مجموعی طور پر دو لاکھ پانچ ہزار 452 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں۔جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مارچ کے مہینے میں پاکستان میں 9 ہزار 351 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ہوئی جو گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 66 فیصد کم ہے۔ رواں مالی سال میں مارچ تک کی مدت میں ملک میں 1 لاکھ 10 ہزار 405 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ ہوئی جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 46 فیصد کم ہے۔اعدادوشمار کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت میں رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رواں مالی سال پاک سوزوکی کے 57 ہزار 923 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ہوئی۔اسی طرح انڈس موٹرز کی گاڑیوں کی فروخت میں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 55 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ مالی سال کے 56 ہزار 567 یونٹس کے مقابلے میں اس مالی سال مارچ تک 25 ہزار 592 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
ہونڈا اٹلس کی بات کی جائے تو مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں گاڑیوں کی فروخت میں 46 فیصد کمی ہوئی۔ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ہونڈا کمپنی کے 16 ہزار 278 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 30 ہزار 10 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔آٹو سیکٹر سے متعلق تجزیہ کاروں کے مطابق قیمتوں کا بڑھنا، فنانسنگ کا مہنگا ہونا اور پلانٹس کی بندش گاڑیوں کی فروخت میں کمی کی وجوہات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں