اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان کے نامور قانون دان اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدر حامد خان نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر قانون حامد خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے چیف جسٹس سے استعفیٰ مانگنا یا ان کیخلاف ریفرنس دائر کرنا زیادتی ہے، ججوں کے فیصلوں کی بنیاد پر ان پر مس کنڈکٹ کا الزام نہیں لگایا جاسکتا۔حامد خان کا مزید کہنا تھا کہ فیصلوں پر ریفرنس دائر نہیں ہوتے جبکہ جسٹس اطہر من اللہ کے اختلافی نوٹ نے اس معاملے میں مزید ابہام پیدا کردیا ہے اور ایسے اختلافی نوٹ نہیں آنے چاہئیں۔واضح رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی اتحادی حکومت نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطاءبندیال کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
