بدترین سیاسی صورتحال،اسحاق ڈار کا دورہ امریکہ اور آئی ایم یف حکام سے ملاقاتیں منسوخ

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک حکام سے ہونے والی ملاقاتوں کا شیڈول کے ساتھ ساتھ دورہ امریکہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے، یہ ملاقاتیں امریکہ میں ہونا تھیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ کا دورہ امریکہ ملک میں جاری سیاسی بحران کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے۔ منسوخ شدہ شیڈول کے تحت سینیٹر اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک حکام سے ملاقاتیں 10 اپریل سے شروع ہونا تھیں۔واضح رہے کہ پاکستان فروری 2023 سے آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے ایک ارب 10 کروڑ ڈالرز کے حصول کی کوشش کرتا رہا ہے۔ یہ رقم آئی ایم ایف کے اس بیل آو¿ٹ پیکچ کا حصہ ہیں جس کی منظوری 2019 میں دی گئی تھی۔وفاقی وزارت خزانہ نے سینیٹر اسحاق ڈار کے دورے کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہیں لیکن ذمہ دار حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر خزانہ کا دورہ امریکہ سیاسی بحران کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے۔حکومتی ذرائع کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات میں وفاقی سیکریٹری خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ حکام پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)عمران خان حکومت مخالف احتجاجی مہم چلا رہے ہیں اور انتخابات کرانے کا مطالبہ کررہے ہیں جب کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کا موقف ہے کہ عام انتخابات اکتوبر میں ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں