کراچی(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر توانائی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ڈیلرز نے سستے پیٹرول کے حوالے سے کچھ تجاویز دی ہیں،وزارت پٹرولیم اس کا جائزہ لے کر ہی سستے پٹرول کی فراہمی کے حوالے سے کوئی سکیم تیار کرے گی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پی ایس او ہاوس میں پٹرولیم ڈیلرز اور کراچی چیمبر میں تاجروں و صنعت کاروں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ روس کے ساتھ معاملات بہتر انداز میں چل رہے ہیں اور رواں ماہ روس سے خام تیل کی در آمد کا آغاز ہوجائیگا،گیس کے ملکی ذخائر تیزی سے کم ہورہے ہیں او ر اس برس بھی موسم سرما میں گیس کی قلت کا سامنا رہے گا،کراچی کی صنعتوں کو بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے حوالے سے بھی شکایات آئی ہیں،چھوٹی صنعتوں کے بھی بجلی کے نرخوں پر اعتراضات ہیں۔ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ کراچی میں انفرا سٹریکچر نہ ہونے کے باعث بعض علاقوں میں گیس کی فراہمی میں رکاوٹیں ہیں،ہمارے پاس گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں اور چوبیس گھنٹے گیس فراہمی ممکن نہیں،نومبر سے گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے،صاحب استطاعت لوگوں کے لیے گیس ٹیرف میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم غریب اور متوسط صارفین پر گیس کے نرخوں میں اضافے کا بوجھ نہیں ڈالا گیا۔
