راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف سوچ لیں کہ عدالتی فیصلہ ماننا ہے یا نااہل ہوکر رائیونڈ جانا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے الیکشن التوا کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے مشکل وقت میں بہتر فیصلہ دیا اور نظریہ ضرورت نہیں بنی،ایمرجنسی لگانے یا مارشل لا کی باتیں کرنے کے ڈراونے خواب دیکھنا چھوڑدیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 85 رکنی کابینہ کا جمعہ بازار سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد نہیں کرسکتی۔ شہباز شریف حکومت نااہلی یا انارکی میں سے ایک کے لیے تیار ہوجائیں۔ عوام کا نام ریاست ہے،اگر عدلیہ کا فیصلہ نہ مانا تو گلی کوچے میں بغاوت ہوگی۔