واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے 15.6 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹیو بورڈ نے یوکرین کے لیے 15.6 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
”پاکستان ٹائم “نے غیرملکی خبرایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ یوکرین کو ہنگامی بنیاد پر درکار فنڈز کی ضروریات پوری کرنے کے لیے عالمی سطح پر مختص 115 ارب ڈالر کے پیکج میں شامل 15.6 ارب ڈالر قرض کی منظور آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے دے دی ہے، آئی ایم ایف نے بیان میں کہا کہ اس فیصلے سے یوکرین کو فوری طور پر 2.7 ارب ڈالر کی فراہمی کا راستہ واضح ہوگیا۔
توسیعی فنڈ سہولت قرض جنگ زدہ یوکرین کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے پہلا اقدام ہے جبکہ یوکرین کے لیے آئی ایم ایف کا 5 ارب ڈالر کا پروگرام گزشتہ برس اختتام پذیر ہوا تھا، آئی ایم ایف کی عہدیدار گیتا گوپی ناتھ نے بیان میں کہا کہ روس کی یوکرین میں مداخلت سے معیشت کی خرابی اور سماجی اثرات مسلسل جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ باوجود اس کے کہ یوکرین کے حکام کسی طرح میکرواکنامک اور مالی استحکام برقرار رکھ پائے ہیں، اس کے لیے موثر پالیسی سازی اور بیرونی مدد بھی شامل رہی ہے۔
