لاہور(وقائع نگارخصوصی)پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن اظہر مشوانی 8دن کی ”اچانک گمشدگی “کے بعد”اچانک“اپنے گھر پہنچ گئے،اظہر مشوانی جس وقت اپنے اہل خانہ کے پاس پہنچے اس وقت تحریک انصاف کے کارکنان ملک گیر سطح پر اظہر مشوانی سمیت دیگر کارکنان کی رہائی کے لئے احتجاج کر رہے تھے ۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق 8 روز قبل اچانک لاپتا ہونے والے اظہر مشوانی ”اچانک“ ہی گھر پہنچ گئے ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اظہر مشوانی نے 3 بجکر 40 منٹ پر کئے جانے والے ٹویٹ میں کہا کہ بخیر و عافیت سے گھر واپس پہنچ چکا ہوں، آپ کی دعاوں،کاوشوں اور سپورٹ نے تا عمر کیلئے مقروض کر دیا ہے،دعا ہے کہ ہمارے دیگر اسیر کارکنان بھی جلد اپنی فیملیز کے ساتھ افطاری کریں۔یاد رہے کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل وہ لاہور سےاچانک غائب ہو گئے تھے۔جس پر ان کی اہلیہ ماہ نور اظہر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ میرے شوہر تین بجے کے قریب گھر سے لاپتہ ہوئے وہ زمان پارک کے لئے روانہ ہوئے تھے، اگر کسی کو معلوم ہے تو مجھے اطلاع کرے۔اس کے بعد عمران خان کے فوکل پرسن اظہر مشوانی کے مبینہ اغوا پر کا مقدمہ درج کرانے سے متعلق درخواست سیشن کورٹ لاہور میں دی گئی۔سیشن کورٹ لاہور میں درخواست اظہر مشوانی کے بھائی نے جمع کرائی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بھائی کو زمان پارک جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا جبکہ پولیس کو ایف آئی ار کے لیے درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔درخواست گزار نے عدالت کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے اور مبینہ مغوی کو بازیاب کرانے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔جس پر عدالت نے سوموار کے روز انسپکٹر جنرل(آئی جی )سی سی پی او سمیت دیگر سے جواب طلب کیا تھا ۔اس سے قبل چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا تھا کہ اظہر مشوانی کو لاہور سے دوپہر میں اغوا کیا گیا، کہاں رکھا گیا، پتہ نہیں چل رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا پنجاب اور اسلام آباد پولیس پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کیلئے تمام قوانین توڑ رہے ہیں، پولیس افسران پی ٹی آئی کیخلاف تشدد اور اغوا میں ملوث ہیں۔
