صوبائی انتخابات کی ملتوی، درخواستوں پر سماعت کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ تشکیل

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) پنجاب اورخیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاخیر کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کیلئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی قیادت میں بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے، جو کچھ دیر میں سماعت کرے گا۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق پنجاب اور کے پی انتخابات کے معاملے میں چیف جسٹس پاکستان نے دائر درخواستوں پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا، چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ ہی سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواستوں میں وفاق، پنجاب، کے پی کے، وزارت پارلیمانی امور، وزارت قانون اور کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے، تحریک انصاف نے مشترکہ درخواستوں میں موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئینی مینڈیٹ اور عدالت کے فیصلے سے انحراف کیا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 30 اپریل کو الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن اور گورنر کے پی، کے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن تاریخ کی تبدیلی کے خلاف سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، سپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے آئینی درخواست دائر کی۔ تحریک انصاف، سیکریٹری اسد عمر، میاں محمود الرشید اور عبد الرحمان بھی مشترکہ درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں