کراچی(سٹاف رپورٹر ) معاشی مشکلات کا شکار پاکستان کے عوام کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے، ملک میں زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت بڑھ کر 10 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔
”پاکستان ٹائم “نے سٹیٹ بینک کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ ہفتے تک کمرشل قرضوں کی مد میں 50 کروڑ ڈالر سے زائد قومی بینک کو موصول ہوئے ہیں جس سے سرکاری ذخائر میں یک مشت بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت گزشتہ ہفتہ 28 کروڑ ڈالر اضافے سے 4 ارب 59 کروڑ 87 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی، اسوقت کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 54 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکرات ایک بار پھر سے تعطل کا شکار ہو گئے ہیں، جس کی وجہ گزشتہ ہفتے حکومت کی جانب سے غریب افراد کیلئے 100 روپے فی لیٹر پٹرول سستا کرنا بتائی جا رہی ہے، آئی ایم ایف نے پٹرول سکیم پر موقف اپنایا ہے کے اس پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، جب تک ہمیں اعتماد میں نہیں لیا جاتا قرض معاہدہ طے پانا مشکل ہے ۔
