لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )اور سابق وزیراعظم عمران خان کو لاہور ہائیکورٹ سے 2کیسز میں حفاظتی ضمانت مل گئی ہے، عدالت نےپولیس اوردیگراداروں کو27 مارچ تک عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان لاہور ہائیکورٹ میں ، جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں پیش ہوئے ،جہاں عمران خان کی زمان پارک گھر پر پولیس آپریشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی ، عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پولیس نے چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا، توڑ پھوڑ کی، املاک کو نقصان پہنچایا، 18 مارچ کو زمان پارک آپریشن قانون کے منافی کیا، بنیادی حقوق اور لاہور ہائیکورٹ کے 17 مارچ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی، عدالت متعلقہ فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے روسٹرم پر آکر کہا کہ میرے گھر کے شیشے توڑ دیئے، میری بیوی گھر میں تھی، وہ پردے دار خاتون ہیں ان کی چیخوں کی آواز کیمرے میں موجود ہیں، چار دیواری کا تقدس پامال ہوا، میرے پانچ گارڈز کو پکڑ کر لے گئے اور تشدد کیا، آج میں چھپ کر عدالت پہنچا ہوں، انہوں نے کہا کہ اس گاڑی میں آیا ہوں جس کو کوئی نہیں جانتا، بغیر کسی قافلے کے آیا ہوں، میں اسلام آباد ٹول پر پہنچا تو انہیں نے میرے گھر پر حملہ کردیا، جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر مجھے روکا گیا تاکہ عدالت نہ پہنچ نا سکوں، حکومت نے دنیا کو کیا پیغام دیا، یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ہے یہی پیغام دیا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیئے کہ میڈیا پر بیٹھ کر جو عدلیہ کو مذاق بنا رہے ہیں ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کروں گا، اگر تمام فریقین نے عدلیہ کی عزت نا کی تو پھر توہین عدالت کارروائی ہوگی ، عدالت نے سرکاری وکیل کو زمان پارک آپریشن سے متعلق ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کر دی ، جسٹس طارق سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ ہم نے قانون کے مطابق کارروائی کرنی ہوتی ہے ہم صرف قانون کی بات کرتے ہیں، جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
عمران خان جسٹس طارق کی عدالت سے دوسری عدالت جسٹس شہباز رضوی کے سامنے حفاظتی ضمانت کیلئے پیش ہوئے ، لاہور ہائیکورٹ نے 27 مارچ تک عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ، علاوہ ازیں توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر بھی سماعت ہوگی ، 5رکنی لارجر بینچ جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا, عمران خان نے توشہ کیس میں نااہلی کے اقدام کو چیلنج کر رکھا ہے۔
