” عمران خان کی بیگم کے خلاف تمام ثبوت سامنے آگئے،ہر چوری میں بشریٰ بی بی کا ہاتھ ہے“

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جب بھی الیکشن ہوگا قوم ووٹ کی طاقت سے عمران سے نجات لے گی، عمران خان کی بیگم کے خلاف تمام ثبوت سامنے آگئے ہیں، ہرچوری میں ان کی بیگم کا ہاتھ ہے، آپ کو توشہ خانہ اور لوٹ مار کا حساب دینا پڑے گا، فرح گوگی لوٹ کا مال لے کرملک سے باہر چلی گئی،ملک میں غیر آئینی انتخابات ہونے جارہے ہیں کیونکہ نگران سیٹ اَپ صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات کروانے کا پابند ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابی نتائج کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا، خواہش ہے ملک میں ایک ساتھ انتخابات ہوں،عمران خان نے سیاست میں گالم گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھایا اور سیاسی مخالفین پرالزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا، مریم نواز نے عمران خان کی فتنہ فساد کی نام نہاد سیاست کو بے نقاب کیا اور بے نقاب کرتی رہیں گی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق فیصل آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان ڈھٹائی اور بے شرمی کے ساتھ حکومت پر الزامات لگا رہے ہیں، عمران خان گھٹیا الفاظ استعمال کرتے ہیں، انھوں نے کبھی اپنے گریبان میں جھا نکا ہے؟ جھوٹ بول اور فریب کرکے عمران خان قانون سے فرارچاہتے ہیں، عمران خان ڈرامہ کرکے اپنے جھوٹ اور فراڈ کو چھپانا چاہتا ہے ، عمران خان چاہتے ہیں کہ کوئی ان سے کچھ نہ پوچھے، آپ کیوں نہیں تلاشی لینے دیتے؟ القادرٹرسٹ کی 7 ارب روپے کی پراپرٹی میں آپ کا نام شامل ہے، چوریوں کا جواب دینے کے بجائے بدمعاشی دکھائی جارہی ہے، عمران خان نے عدالتی سسٹم کو عاجز اور عدالت کو کمزور ثابت کرنے کی کوشش کی،عمران خان نے گزشتہ روز مسلح جتھوں کے ساتھ مل کر اسلام آباد میںجوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا ،جتھوں کیساتھ عدالت جانا غنڈہ گردی ہے کیونکہ اگر یہی روایت برقرار رہی تو آئندہ کوئی بھی شخص مسلح جتھوں کے ساتھ عدالت جاکر دباو¿ ڈالے گا اور قانون کو روند دے گا، عمران خان کو عدالت کے باہر ہی حاضری لگوانی تھی تو یہ کام لاہور کے کینال روڈ یا ٹول پلازہ پر بھی کیا جا سکتا تھا، عمران خان زبردستی غنڈہ گردی اور فساد چاہتے تھے، آپ نے کس قانون کے تحت مسلح لوگوں کو گھرمیں رکھا ہوا تھا؟۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور مریم نواز کے خلاف اپنا بغض نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، مریم نواز عمران کے چہرے کا نقاب اتار رہی ہے، عمران خان کا گند بہت جلد صاف ہوجائے گا، پی ٹی آئی چیئرمین لوگوں کو بے وقوف نہ بنائیں، ڈی جی اے این ایف اور شہریار آفریدی کے ذریعے میرے خلاف ہیروئن کا کیس داخل کیا، قوم آپ کو پہچان چکی ہے، جب بھی الیکشن ہوگا قوم ووٹ کی طاقت سے عمران سے نجات لے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں