لاہور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف قیادت کی سوچ ” کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے اور اگر میں نہیں تو کوئی نہیں“ ہے، یہ سیاسی سوچ نہیں ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاست میں دلائل سے بات منوائی جاتی ہے، سیاستدان جھتے لے کر حملہ آور نہیں ہوتے، سیاست ڈنڈے اور پتھر اٹھانے کا سبق نہیں دیتی،عدالت کے باہر افسوسناک صورتحال دیکھنے کو ملی، یہ کوئی سزائے موت یا عمر قید کا کیس نہیں تھا” دو نہیں ،ایک پاکستان “کا نعرہ لگانے والوں نے قانون کا مذاق اڑایا، عمران خان کی حاضری کے دستخط کا معمہ بنا ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وارنٹ کی تعمیل کے لئے زمان پارک گئی اور لاہور پولیس نے معاونت کی، زمان پارک میں درجنوں پولیس اہلکار زخمی ہوئے، میڈیا پر یہ خبر بھی چلی کہ گلگت بلتستان کی پولیس بھی وہاں اسلحہ کے ساتھ موجود تھی، اس ساری صورتحال میں لاہور پولیس نے جانی نقصان سے بچنے کے لئے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
