فواد چوہدری کا عمران خان کی گرفتاری روکنے کیلئے چیف جسٹس سے از خود نوٹس کا مطالبہ

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے چیف جسٹس پاکستان سے عمران خان کی گرفتاری رکوانے کےلئے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک گذشتہ کئی گھنٹوں سے میدان جنگ بنا ہوا ہے ،کارکنوں کی بڑی تعداد پولیس سے مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہے ،درجنوں کارکن اور پولیس اہلکار اس ”جنگ“ میں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ پولیس نے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔دوسری طرف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی زمان پارک میں کارروائی روکنے کے لئے فواد چوہدری نے سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال پارٹی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے معاملے کا ازخود نوٹس لیں۔فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں