لاہور(وقائع نگار)پاکستان مسلم لیگ کی چیف آرگنائز ر مریم نواز شریف نے پنجاب کے اسمبلی کے انتخابی اکھاڑے میں اترنے کا فیصلہ کر لیا،عمران خان اور تحریک انصاف کو پنجاب کے انتخابات میں ٹف ٹائم دینے کے لئے ن لیگ کے بڑوں نے مریم نواز کو انتخابی میدان میں اتارنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مریم نواز شریف ملک بھر میں ن لیگ کی تنظیم سازی اور خصوصی طور پر پنجاب میں ن لیگ کو ری آرگنائز کرنے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں،جگہ جگہ اور شہر شہر ورکرز کنویشنز میں عمران خان،عدلیہ اور سابق فوجی افسران کو للکارنے والی مریم نواز نے اب پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اصولی فیصلہ کر تے ہوئے پنجاب کے انتخابات میں خود میدان میں آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق مریم نواز صوبائی الیکشن لڑیں گی ،مریم نواز لاہور سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گی ،مریم نواز پہلے مرحلے میں لاہور کے 3 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گی،مریم نواز کے حتمی حلقہ انتخاب کا فیصلہ نواز شریف خود کریں گے۔ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اندرون شہر کے علاوہ رائے ونڈ اور پی پی 152سے بھی الیکشن کے لئے مشاورت کر رہی ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز”سیف وکٹ“پر کھیلنے کے لئے ایسے حلقے کا انتخاب کریں گی جہاں ان کی کامیابی 100فیصد یقینی ہو۔
