اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزارت خزانہ نے معیشت سے متعلق آوٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مہینوں میں مہنگائی مزید بڑھنے کا امکان ہے،شرح 28 سے 30 فیصد تک جا سکتی ہے۔
پاکستان ٹائم کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ فروری کی ماہانہ معاشی آو¿ٹ لک کے مطابق غیر یقینی سیاسی اور معاشی صورتحال کے باعث مہنگائی بڑھ رہی ہے،آئندہ مہینوں میں مہنگائی کی شرح 28سے 30 فیصد رہ سکتی ہے، روپے کی بے قدری اور توانائی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھی ہے،جولائی سے جنوری تک منہگائی 25.4 فیصد رہی، ملک میں مہگائی کم ہونے میں وقت لگے گا۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے 6 ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارے کو 67 فیصد کم کیا گیا ہے، سود کی ادائیگیوں کے باعث اخراجات بڑھ رہے ہیں۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مارکیٹ ریٹ اور انٹر بینک میں ڈالر کے ریٹ میں فرق کو کم گیا ہے، حالیہ ہفتوں میں روپے کی قدر میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں ٹیکس وصولیوں میں کمی کے خدشات ہیں، 170 ارب روپے کے اضافی ٹیکسز عائد کیے گئے ہیں، اس سے ٹیکس وصولیوں کا سالانہ ہدف پورا کرنے کی کوششوں کو مدد ملے گی، جولائی سے جنوری تک ترسیلات زر میں 11 فیصد،برآمدات میں 7.4 اور درآمدات میں 20.9 فیصد کمی ہوئی جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 44.2 فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق24 فروری تک زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 45 کروڑ ڈالرز تھے، 24 فروری کو ڈالر کے مقابلے میں ایکسچینج ریٹ 259.99 روپے تھا.
