بلوچستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 کان کن جاں بحق ،3زخمی

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر )بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 4کان کنوں کو قتل کر دیا جبکہ 3افرد کوزخمی کر دیا ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے صبح سویرے خوست میں ایک کان کے نزدیک مزدوروں کو خود کار ہتھیار سے نشانہ بنایا، اسسٹنٹ کمشنر مجید جوگزئی نے بتایا کہ حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہوتے ہوئے 11 کوئلے کی کانوں کو آگ بھی لگا گئے، واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے خوست پہنچے اور لاشوں اور زخمیوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا، ہرنائی میں اس طرح کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں، کان کنوں، سیکیورٹی فورسز حتیٰ کہ پنجاب کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں پر بھی حملہ اس علاقے میں معمول ہے۔
فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی شناخت نور محمد، عبدالحنان، عبدالرحمٰن اور سید حنان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں کے نام شیر زمان، سید اکرام اور باز محمد ہیں۔قتل ہونے والے 2 کان کنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ جبکہ دیگر دو بلوچستان کے علاقے مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ کے رہائشی تھے۔بعدازاں مقتولین کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقوں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے واقعے کو دہشت گردوں کا حملہ قرار دیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ہرنائی میں خاص طور پر کانوں اور دیگر کام کی جگہوں کے اطراف میں سیکیورٹی بڑھائی جائے۔وزیراعلیٰ نے اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں