بلوچستان ہائی کورٹ نے شہباز گل کو بڑی خوشخبری سنا دی

کوئٹہ(کورٹ رپورٹر)بلوچستان ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے مرکزی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے ان کے خلاف درج مقدمے کو خارج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف پسنی میں درج ایف آئی آر کے خلاف آئینی درخواست پر سماعت ہوئی،سماعت تربت بینچ کے جسٹس سردار گل حسن ترین نے کی۔ڈاکٹر شہباز گل کے کیس کی پیروی آئی ایل ایف کے اقبال شاہ ایڈوکیٹ اور شمس رند ایڈوکیٹ نے کی۔سماعت کے دوران عدالت میں پی ٹی آئی بلوچستان کے رہنماء قاسم سوری اور منیر بلوچ کے علاوہ انصاف لائرز فورم کے وکلاء اور پی ٹی آئی کے دیگر صوبائی رہنماء بھی موجود تھے۔دوران سماعت بلوچستان ہائیکورٹ نے شہباز گل کے خلاف درج مقدمہ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ایف آئی آر خارج کرنے کا حکم تربت بینچ کے جسٹس سردار گل حسن ترین نے سنایا۔
یاد رہے کہ شہباز گل کے خلاف اداروں کے خلاف تقریر کرنے کا الزام ہے۔بعد ازاں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ بہادری سیکھنے کے لئے بلوچستان سے سبق لینا ہوگا،بلوچستان میں احترام ملا،جام پور کے الیکشن میں عوام نے حکمرانوں کو مسترد کر دیا ہے،جن کارکنوں نے قربانیاں دیں ہیں،ان کو آگے لایا جائے گا۔ڈاکٹر شہباز گل نے لیفٹیننٹ جنرل(ر)امجد شعیب کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے،پاکستان دیوالیہ ہو چکا،خود خواجہ آضف کے الفاظ ہیں کہ ملک ڈوب رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان محب وطن ہے،پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے،مطلوبہ نتائج نہ ملنے پر سپریم کورٹ کے 2 ججوں کی توہین کی جارہی ہے،مریم صفدر اگر ریاست کی شہزادی ہیں تو اعلان کردیا جائے،جن دو ججوں پر تنقید کی جا رہی ہے اچھے فیصلے کرنے والے لوگ ہیں،تحریک انصاف عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے،اگر کسی جج سے شکایت ہے تو آئینی طریقہ موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں