لاہور (سٹاف رپورٹر )لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایل ایچ سی بی اے) نے 1893 میں اپنے قیام کے بعد پہلی بار خاتون سیکریٹری منتخب کر کے تاریخ رقم کردی ہے ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق صباحت رضوی 24-2023 کے انتخابات میں اپنے دو مرد حریفوں کے مقابلے میں 4 ہزار 310 ووٹس حاصل کر کے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سیکریٹری بن گئیں، یہ ان کا پہلا الیکشن تھا، وہ آزاد گروپ کے ساتھ وابستہ ہیں جسے عاصمہ جہانگیر گروپ بھی کہا جاتا ہے، تاہم وکلا کی اکثریت نے گروپ بندی سے بالاتر ہوکر ان کی حمایت کی ، بیک وقت دو خواتین کو کابینہ میں نمائندگی دینے کے ایک اور ریکارڈ میں ہائی کورٹ بار نے ربیعہ باجوہ کو نائب صدر منتخب کیا۔
ربیعہ باجوہ، حامد خان کی قیادت والے پروفیشنل گروپ کی سینئر رہنما ہیں، جنہوں نے الیکشن میں اپنے 5 مرد حریفوں کے مقابلے میں 3 ہزار 590 ووٹس حاصل کیے، وہ اس سے قبل 2006 میں بار کی فنانس سیکرٹری منتخب ہوئی تھیں۔
پروفیشنل گروپ نے بھی بھاری اکثریت سے صدر کا عہدہ حاصل کیا کیونکہ اس کے چوہدری اشتیاق اے خان نے آزاد گروپ کے لہراسب خان گوندل کو بڑے مارجن سے شکست دی۔اشتیاق خان نے 7 ہزار 293 ووٹس حاصل کیے جبکہ لہراسب گوندل کو 3 ہزار 372 ووٹس ملے۔
