جیل بھرو تحریک کا آغاز،شاہ محمود قریشی سمیت کئی رہنما گرفتار

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے’جیل بھرو‘تحریک کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی،اسد عمر،اعظم سواتی،عمر سرفراز چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے گرفتاری دے دی ہے،پولیس نے تحریک انصاف کے رہنماوں کو حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر کارکن جیل بھرو تحریک کے لئے تیار ہوگئے ہیں،جیل بھرو تحریک کا آج لاہور سے آغاز ہوگیا جس میں پی ٹی آئی کے قائدین نے گرفتاریاں دینے کا آغاز کردیا ہے۔مال روڈ پر کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ ”جیل بھرو تحریک “کا آغاز کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی،سیکرٹری جنرل اسد عمر،سابق گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ،اعظم خان سواتی،میاں اکرم عثمان ،جمشید اقبال چیمہ،محمد مدنی سمیت دیگر کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے،پولیس نے پی ٹی آئی رہنماوں کو قیدیوں والی گاڑی میں بٹھا لیا۔

دوسری جانب پنجاب میں نگران حکومت نے جیل بھرو تحریک کے پیش نظر لاہور میں 7 روز کے لئے دفعہ 144 نافذ جب کہ اہم شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔علاوہ ازیں لاہور کی جیلوں میں گنجائش نہ ہونے کے باعث گرفتاری دینے والے کارکنوں کو میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا اور ان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جائے گا۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے 17 فروری کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران 22 فروری کو لاہور سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں