رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی کھجوروں کو آگ لگ گئی

کراچی(کامرس رپورٹر)ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان نے اشیائے ضروریہ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے،پھل ،سبزیاں،دالیں اور گھی سمیت ہر چیز سفید پوش طبقے کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے،ایسے میں رمضان المبارک کے آغاز سے ایک ماہ قبل ہی کھجور مہنگی ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق رمضان المبارک سے قبل ہی مہنگائی نے پنجے گاڑ لئے۔ افطار دسترخوان کا لازمی جزو سمجھی جانے والی کھجور 50 فیصد تک مہنگی ہو گئی، رواں سال کھجور کی قیمت میں 50 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر مہنگے داموں فروخت ہونے والا درجہ اول گھی، آئل اور سبسڈائزڈ گھی کی قلت، بیشتر سٹورز پر آٹے کی سپلائی بھی ممکن نہ بنائی جا سکی ہے۔رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ذخیرہ اندوزوں ، گراں فروشوں کی چاندی ہوگئی ، کھجور کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔کراچی کے بازاروں میں رمضان سے قبل کھجور کی قیمتیں بڑھ گئیں۔۔ اچھی کھجور 500 روپے سے لیکر 2 ہزار 800 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔مارکیٹ میں ایران کی زاہدی کھجور 400 روپے کلو میں دستیاب ہے جبکہ ایران کی ربی کھجور550 روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔ایران کی مضافاتی کھجور 400 سے 550 روپے کلو جبکہ اجوا کھجور5000روپے تک میں فروخت ہونے لگی۔ماہ صیام قریب آتے ہی ذخیرہ اندوزکھجور کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کررہے ہیں جس سے خریدارسخت پریشان ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں