حکومتی اتحاد پی ڈی ایم نے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کر دیا

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)حکومتی اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومٹ(پی ڈی ایم) نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی مستعفی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اب فسادی جماعت ضمنی انتخاب لڑے اور اسمبلی میں آجائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چکرا چکی ہے کیا کرے؟عدالت جائے؟اسمبلی یا الیکشن میں جائے؟البتہ ملک کو کسی ایک شخص کے انتشار کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔
۔یاد رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ دوسری طرف عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) نے بھی ضمنی انتخابات کے معاملے پر پھر یوٹرن لے لیا،ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ اے این پی قومی اسمبلی کے ضمنی اتنخابات میں حصہ نہیں لے گی۔حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے اے این پی سے انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی تھی۔ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے،اے این پی عام انتخابات میں حصہ لے گی،نام نہاد سیاسی جماعت نے انتخابات کو مذاق بنایا ہوا ہے،تین ماہ کیلئے قوم کے کروڑوں خرچ کرنا زیادتی ہوگی

ایمل ولی خان نے کہا کہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے پہلے ایک امیدوار کو کئی نشستوں پر کھڑا کر کے قوم کے اربوں روپے ضائع کئے گئے،ایک طبقہ سیاست میں عدم برداشت پیدا کرنے اور پارلیمنٹ کی بے توقیری کی کوششوں میں مصروف ہے،موجودہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے تین مہینوں کیلئے قوم کے کروڑوں خرچ کرنا زیادتی ہوگی،اے این پی نے 18حلقوں کیلئے امیدواران کا اعلان کیا تھا،ہر وقت انتخابات کیلئے تیار ہیں،عام انتخابات کا اعلان کل بھی ہو تو اے این پی بھرپور قوت کے ساتھ میدان میں ہوگی،پی ڈی ایم اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے بھی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی گئی تھی،تمام اتحادیوں کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے بعد اے این پی نے مشاورت سے فیصلہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں