پاکستان ٹائم کے مطابق گزشتہ شب کراچی پولیس چیف کے آفس پر دہشت گرد حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپریشن کلین اپ کیا. تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اپریشن میں مارے جانے والے 2 دہشت گردوں کی شناخت کر لی گئی.
اس حوالے سے سی ٹی ڈی کے انچارج راجا عمر خطاب کا کہنا ہے کہ 2 دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت تاحال مشکوک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس آفس پر حملہ کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے کیا گیا تھا.
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کراچی میں پولیس چیف کے دفتر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں میں ایک دہشت گرد کی شناخت زالا نور ولد وزیرحسن کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق شمالی وزیرستان سے بتایا جا رہا ہے. جبکہ سیکورٹی آپریشن کے دوران خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشتگرد کا نام کفایت اللہ ولد میرز علی خان تھا اور وہ وانڈہ امیر لکی مروت کا رہائشی تھا.
پاکستان ٹائم رپورٹرز کے مطابق ایک خود کش بمبار نے کراچی پولیس چیف کے دفتر کے سامنے لفٹ سے متصل سیڑھیوں پر خود کو دھماکہ سے اڑایا. اس دھماکے کےنتیجے میں چوتھی منزل پر واقع دفترکو شدید نقصان پہنچا۔علاوہ ازیں، لفٹ بھی ناکارہ ہو گئی ہے جبکہ ہرطرف اہم دفتری ریکارڈ سمیت سامان بکھر گیا۔
