اسلام آباد (کامرس رپورٹر )انڈس موٹرز نے ایک ماہ میں تیسری بار گاڑیوں کی قیمت میںاضافہ کر دیا ہے ، لیکن اس بار اتنا اضافہ کر دیا گیاہے کہ عوام کانوں کو ہاتھ لگانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق ٹویوٹا نے مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کی قیمت میں 8لاکھ 90ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے ،انڈس موٹرز کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں نمایاں کمی کی وجہ سے پرانی قیمت پر گاڑیاں فروخت کرنا ممکن نہیں ہے، غیر یقینی معاشی صورتحال اور درآمدی خام مال سے پیداوار شدید متاثر ہو رہی ہے ، انڈس موٹرز نے ڈیلرز کو نئی قیمتوں کی فہرست جاری کردی ہے ۔
مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں 8لاکھ 90 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا گیا، کرولا الٹس 1.6 کی قیمت 2.60 لاکھ روپے اضافے سے 55 لاکھ 29 ہزار روپے جبکہ کرولا الٹس سی وی ٹی 3 لاکھ10 ہزار روپے اضافے سے 60 لاکھ 59 ہزار ہوگئی۔
کرولا 1.8 سی وی ٹی 3لاکھ 30 ہزار روپے اضافے سے 69 لاکھ 79 ہزار، یارس 1.3 جی ایل آئی 2.10 لاکھ روپے اضافے سے 45.49 لاکھ روپے ،ہائی لکس ریو آٹومیٹک 6.20 لاکھ روپے مزید مہنگی ہونے کے بعد اب 1 کروڑ 28 لاکھ 59 ہزار روپے پر پہنچ گئی ہے ۔
ہائی لکس روکو 6.60 لاکھ روپے مہنگی ہوکر 1 کروڑ 35 لاکھ 59 ہزار روپے،فورچیونر ڈیزل 8.40 لاکھ روپے مہنگی ہوکر 1 کروڑ 61 لاکھ 89 ہزار روپے اور فورچیونر لیجنڈر 8.90 لاکھ روپے مہنگی ہوکر 1 کروڑ 79 لاکھ 59 ہزار روپے پر پہنچ گئی۔
