بینک آف آزاد کشمیر میں کروڑوں کی کرپشن کا معاملہ ،متاثرین نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو ثبوت فراہم کردیئے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) بینک آف آزادجموں کشمیر میں غیر قانونی بھرتیوں اور ڈیجیٹلائزیشن سمیت مختلف منصوبوں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا معاملہ ، غیر قانونی بھرتیوں اور مالی بے ضابطگیوں پر وزیر اعظم آزادکشمیر و چیئرمین بینک آف آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کو ثبوت فراہم کر دیئے گئے۔
بینک آف آزادکشمیر میں میرٹ کی خلاف ورزیوں کے متاثرین نے دستاویزاتی ثبوت وزیر اعظم کو فراہم کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم آزادکشمیر کو مالی بے ضابطگیوں کے نا قابل تردید ثبوت بھی فراہم کیے گئے ہیں، جن پر وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان بینک آف آزادکشمیر کے جملہ معاملات پر جلد اعلیٰ سطحی انکوائری تشکیل دینگے اور ریاستی بینک میں مالی و انتظامی بے ضابطگیوں پرریفرنس احتساب بیورو کو بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی ای او بینک آف آزادکشمیر خاور سعید کی طرف سے سینکڑوں افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا گیا ، جن افراد کو بھرتی کیا گیا ان میں ایک بہت بڑی تعداد غیر ریاستی افراد کی ہے جن کو خلاف قوائد بھرتی کیا گیا۔ذرائع کے مطابق حکومت میں بیٹھے چند اہم افراد سمیت بینک کے دیگر اعلیٰ عہدیداران کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں