شوکت ترین کی گرفتاری؟ ایف آئی اے نے بڑا قدم اٹھا لیا

اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ سینٹر شوکت ترین کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ان کی گرفتاری کے لئے تیاری شروع کردی ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق آڈیو لیک کی تحقیقات کے بعد ایف آئی اے نے شوکت ترین کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی حکومت نے شوکت ترین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ کے ساتھ گفتگو کی لیک آڈیو پر تحقیقات کے لیے معاملہ ایف آئی اے کو بھجوایا تھا۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ شوکت ترین کی گفتگو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ڈیل کو نقصان پہنچانے کیلئے تھی، شوکت ترین قومی مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے۔ ایف آئی اے نے کارروائی کیلئے وزارت داخلہ سے اجازت طلب کرلی ہے، اجازت ملنے پر شوکت ترین کو گرفتار کیا جائے گا۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل پی ٹی آئی رہنماوں شوکت ترین، تیمور جھگڑا اور محسن لغاری کا ایک مبینہ آڈیو کلپ سوشل میڈیا پرلیک ہوا تھاجس میں سابق وفاقی وزیرخزانہ پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کے ساتھ معاہدے سے متعلق بات کررہے ہیں۔مبینہ آڈیو کلپ میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین پنجاب کے وزیرخزانہ محسن لغاری کو آئی ایم ایف ڈیل سے متعلق معاملہ اٹھانے پرکہتے ہیں ، ہم ایسا سین کریں گے نا کہ یہ نہ نظر آئے کہ ہم ریاست کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔مبینہ آڈیو ٹیپ خیبر پختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور جھگڑا کی جانب سے وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کو خط لکھنے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سرپلس چھوڑنا ناممکن ہوگا۔ اتحادی حکومت نے اس خط کے ردعمل میں پی ٹی آئی کی آئی ایم ایف ڈیل کو سبوتاژ کرنے کی سازش ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں