اسلام آباد (کامرس رپورٹر ) حکومت کے آئی ایم ایف کو بجلی مہنگی کرنے کی یقین دہانی کے بعد بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے عوام کی جیب پر بجلی گرانے کی تیاری کر لی گئی ہے، عوام پر17 ارب 19کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی درخواست نیپرا کو موصول ہو گئی ہے ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) میں درخواست دائرکردی ہے، بجلی کمپنیوں نے صارفین سے 17 ارب 19کروڑ 80 لاکھ روپے وصول کرنے کی اجازت مانگی ہے ۔
بجلی کمپنیوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں پر نیپرا 22 فروری کو سماعت کرے گی ، نیپرا میں دائر درخواست میں لیسکو کی جانب سے
6 ارب 34 کروڑ 70 لاکھ روپے، گیپکو نے 6 ارب 56کروڑ 60لاکھ روپے، فیسکو نے اپنے صارفین سے 4 ارب 47کروڑ 90لاکھ روپے وصولی کی اجازت طلب کی ہے ، نیپکو کی 2 ارب 40 روڑ 70 لاکھ اور آئیسکو کی 1ارب 32کروڑ 20لاکھ وصولی کی درخواست سامنے آئی ہے، نیپرا سماعت کے بعد اضافی بوجھ کی درخواست پر فیصلہ سنائے گا۔
