کوئٹہ (ویب ڈیسک)بلوچستان کے ضلع کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب سڑک کنارے بم دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں دو فوجی افسر میجر جواد اور کیپٹن صغیر نے شہادت پاتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق کوہلو کے وسطی علاقے تڑیمڑ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا،دھماکے میں دو فوجی افسر میجر جواد اور کیپٹن صغیر شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے، شہدا اور زخمیوں کو کوہلو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر(ڈی ایچ کیو)ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایم ایس ڈی ایچ کیو کوہلو ڈاکٹر اصغر مری نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام طبی عملہ،ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کو الرٹ کردیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ”آئی ایس پی آر“ کے مطابق امن دشمنوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے،سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ کے دھماکے سے میجر جواد اور کیپٹن صغیر شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان کے امن و خوش حالی کے خلاف دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں کامیاب نہیں ہوں گی،سیکیورٹی فورسز اپنی جان پر کھیل کر مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ 4 فروری کو بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے جیوانی میں بارودی سرنگ کے دھماکے اور اس کے بعد مسلح عسکریت پسندوں کی جانب سے گھات لگا کر کیے گئے حملے میں ایک فوجی شہید اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔
