پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پا گئے

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان تمام معاملات طے پا گئے ہیں جس کی کامیابی کا اعلان کچھ دیر بعد ہوگا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی کا کچھ دیر میں اعلان ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف سے آئی ایم ایف وفد کا ویڈیو لنک پر رابطہ ہوا جس میں اقتصادی پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاملات کی منظوری دے دی۔اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات آج مکمل ہوجائیں گے، عوام کو اچھی اچھی خبر ملے گی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سےکئے وعدے اور اگر کوئی غلط کمٹمنٹ کی ہے تو بھی پوری کریں گے، آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لئے رات 12 بجے تک کا وقت ہے، البتہ ان سے ہمیشہ ہی مذاکرات ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان زیادہ تر معاملات میں اتفاق ہوگیا تھا، پاکستان نے آئی ایم ایف کو تمام شرائط پر عملدرآمد کی یقین دہائی کرا دی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان سات ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے مذاکرات اسلام آباد میںاختتام پذیر ہو چکے ہیں،ان مذاکرات کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس میں معاملات کی تفصیلات ہوں گی ۔یہ بھی یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو دیے جانے والے قرض کی قسط کو روک رکھا ہے اور حکومت سے ٹیکس اکھٹا کرنے کے حوالے سے سخت مطالبات رکھے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں