لاہور(سٹاف رپورٹر) مجلس وحدت المسلمین نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی” جیل بھرو تحریک“ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق علامہ راجہ ناصر عباس کی سربراہی میں مجلس وحدت المسلمین کے اعلیٰ سطح وفد نے زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔وفد میں وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ احمد اقبال رضوی، سید ناصر شیرازی، سید اسد عباس نقوی شامل تھے ۔دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پنجاب و پختونخوا میں انتخابات کے التواءکی حکومتی کوششوں اور دونوں جماعتوں کے مابین اشتراکِ عمل کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پنجاب میں نگران حکومت کی جانب سے انتقامی حربوں کا بھی جائزہ لیا گیا، دونوں رہنماوں نے پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے انتخابات سے فرار کی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ امریکی آشیر آباد سے پا کستان پر بزدل حکمران مسلط کیئے گئے ہیںجو الیکشن سے خوفزدہ ہیں، ہم انہیں الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے ۔علامہ راجا ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے پر تحریک انصاف کی قیادت کے شانہ بشانہ رہیں گے ،عمران خان کی ”جیل بھرو تحریک “کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔
