پشاور(کرائم رپورٹر)پولیس لائن پشاور کی مرکزی جامع مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کے واقعے میں گرفتار مشتبہ خاتون کا ڈی این اے میچ نہیں ہوا،خاتون پہلے ہی ضمانت پر رہا ہے،پولیس کی جانب سے ایف آئی آرمیں مزید دفعات شامل کی جائیں گی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق گزشتہ روز تفتیشی ٹیم نے مختلف زاویوں سے تفتیش کے بعد خودکش حملہ آور کا چہرہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے نکالی جانے والی تصویر میچ کی تھی اور مشتبہ خاتون کا ڈی این اے بھی لیا گیا تھا لیکن وہ میچ نہیں ہوا۔پولیس نے دہشت گرد کے خاندان تک پہنچنے کیلیے تفتیش کا عمل تیز کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سے ملنے والے ہیلمٹ اور جوتوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔تحقیقاتی ٹیم کے مطابق خود کش بمبار ہیلمٹ رکھ کر مسجد میں داخل ہوا،ہیلمٹ مسجد کے باہر جوتوں والی جگہ پر رکھا ہوا تھا۔پشاور پولیس لائنزمسجد میں دھماکے کی ایف آئی آر میں مزید دفعات شامل کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں دھماکے کے 22 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے 6 تشویشناک حالت کے باعث آئی سی یومیں داخل ہیں۔
